#

Ausbildung انٹرویو کے سوالات اور جوابات - Ausbildung interview questions and answers

0

 Ausbildung interview questions and answers

جرمنی میں Ausbildung کے لیے درخواست دینا ایک امید افزا کیریئر کی جانب اہم قدم ہے۔ انٹرویو کا عمل بہت اہم ہے، اور اچھی طرح سے تیار ہونے سے بہت فرق پڑ سکتا ہے۔ ہو سکتا ہے آپ ان سوالات سے واقف نہ ہوں جن کا سامنا آپ کو انٹرویو میں کرنا پڑے گا لیکن فکر نہ کریں، ہم آپ کی مدد کے لیے حاضر ہیں۔ Ausbildung interview questions and answers میں ہم نے عام طور پر پوچھے جانے والے سوالات اور اس کے مکمنہ جوابات پر مبنی ایک فہرست مرتب کی ہے جو عام طور پر اس انٹرویوز میں پوچھے جاسکتے ہیں۔


Ausbildung interview questions and answers


یہ مضمون آپ کو قدم بہ قدم رہنمائی فراہم کرتا ہے کہ انٹرویو کے سوالات پر کس طرح عبورحاصل کرنا ہے کہ آپ کی مہارت اور عزم ممکنہ آجروں کے سامنے خود اعتمادی کے ساتھ کُھل کر ظاہر ہو اور صحیح رہنمائی، مشق اور اعتماد کے ساتھ آپ کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب دے سکیں۔ لیکن پہلے درج ذیل عنوانات پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں تاکہ آپ آجر کے پوچھے گئے سوالات کے بہتر طور پر جوابات دے سکیں۔

کمپنی کی تحقیق کریں۔

اپنے انٹرویو سے پہلے، آپکا منتخب پروگرام پیش کرنے والی کمپنی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات اکٹھی کریں۔ ان کے مشن، اقدار اور مخصوص کردار کو سمجھیں جس کے لیے آپ درخواست دے رہے ہیں۔ اس سے آپ کو کمپنی میں ملنے والی پوزیشن میں حقیقی دلچسپی ظاہر ہوگی۔

Ausbildung پروگرام کو سمجھیں۔

انٹرویو سے پہلے جس پروگرام کے لیے درخواست دے رہے ہیں اس کی ساخت، مدت، اور ضروریات سے اپنے آپ کو اچھی طرح واقف کریں۔ یہ بات ظاہر کرتی ہے کہ آپ اپنے کیریئر کے بارے میں سنجیدہ ہیں اور آپ نے اپنا ہوم ورک اچھی طرح کیا ہوا ہے۔

اپنے دستاویزات تیار کریں۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ انٹرویو کے دوران آپ کے پاس تمام ضروری دستاویزات کی کاپیاں موجود ہوں، بشمول آپ کا ریزیومے، کور لیٹر، سرٹیفکیٹس اور حوالہ جات وغیرہ۔ بلکل بھی ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ آپ سے کوئی بھی دستاویز طلب کی جائے اور معزرت کریں یا اُسے لینے کے لئے اٹھ کر کہیں اور جائیں۔




عام انٹرویو کے سوالات کی مشق کریں۔

عام انٹرویو کے سوالات کے جوابات تیار کریں جیسے کہ آپ کی صلاحیت، کمزوریاں، دلچسپیاں، آپ کے مقاصد اور آپ Ausbildung میں کیوں دلچسپی رکھتے ہیں وغیرہ۔  یوٹیوب پر بھی بہت سی وڈیوز مل جائیں گی، اعتماد حاصل کرنے کے لیے کسی دوست کے ساتھ یا آئینے کے سامنے مشق کریں۔


اس بات کا قوی امکان ہے کہ آپ کا انٹرویو آن لائن لیا جائے گا۔ جدید ایپلی کیشنز کی سہولیات کے پیش نظر، زیادہ تر کمپنیاں اب ویڈیو کانفرنسنگ پلیٹ فارمز جیسے زوم، اسکائپ، یا گوگل میٹ کے ذریعے ابتدائی انٹرویو لینے کو ترجیح دیتی ہیں۔(alert-success)

Dress appropriately


مناسب لباس پہنیں۔

انٹرویو کے لئے اچھا، موزوں اور پیشہ ورانہ لباس پہنیں۔ پہلا تاثر اہمیت رکھتا ہے، اور مناسب لباس پہننا احترام اور پیشہ ورانہ مہارت کو ظاہر کرتا ہے۔

وقت کی پابندی کریں۔

اپنے انٹرویو کے لیے کم از کم 10-15 منٹ پہلے آن لائین ہوجائیں۔ وقت کی پابندی یہ ظاہر کرتی ہے کہ آپ قابل اعتماد ہیں اور انٹرویو لینے والے کے وقت کا احترام کرتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران جوش اور اعتماد دکھائیں۔

اپنے حاصل کردہ موقع کے بارے میں پرجوش رہیں اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں۔ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مسکراہٹ کے ساتھ بات کریں۔

سوالات پوچھیں۔

انٹرویو لینے والے سے کمپنی، ٹیم، یا Ausbildung پروگرام کے بارے میں پوچھنے کے لیے چند سوالات پہلے سے تیار کریں۔ یہ آپ کی دلچسپی اور کمپنی کے متعلق آپکی پُرجوش لگن کو ظاہر کرتا ہے۔


آپکی رہنمائی کے لئے فرضی معلومات پر مبنی انٹرویو کا خاکہ تیار کیا گیا ہے اس پر غور کریں۔


درخواست دہندہ کی فرضی معلومات:
نام: جبران علی
قابلیت: کامرس میں 12 گریڈ پاس۔
ہنر: JAVA، HTML اور نیٹ ورکنگ میں 3 ماہ کے مختصر کورسز
انٹرن شپ: "Oxford Software House" کراچی سے 6 ماہ کی انٹرن شپ۔
کورس کی درخواست : آئی ٹی اسپیشلسٹ 

آجر کی فرضی معلومات:
کمپنی کا نام: بوش (Bosch)
مقام: جرمنی
انٹرویو لینے والے کا نام: فرینک (Frank)

یہ بات اچھی طرح ذہن نشین رکھیں کہ صرف آپکی رہنمائی کے لئے انٹرویو کے نکات اردو میں تحریر کئے گئے ہیں، جبکہ یقینی طور پر آپ کا انٹرویو جرمن زبان میں ہی لیا جائیگا۔(alert-warning)


فرینک: گڈ مارننگ

جبران علی: گڈ مارننگ، آپ سے مل کر خوشی ہوئی۔


فرینک: آپ بوش کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟

جبران علی: بوش ایک ملٹی نیشنل انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کمپنی ہے۔ اور جرمنی میں آئی ٹی کے شعبے میں بھی لیڈر کے طور پر قابل اعتماد نام ہے جو اپنے اعلی معیار اور مضبوط عزم کے لیے جانی جاتی ہے۔ 


فرینکآپ نے جرمنی کا انتخاب کیوں کیا؟

جبران علیمیں نے جرمنی کو اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کرنے کی وجہ سے منتخب کیا، خاص طور پر جرمنی انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی، آٹوموٹو انڈسٹری، جدید مصنوعات، آئی ٹی سیکٹر میں خدمات سمیت مضبوط معیشت کے لئے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے، اس لئے IT میں میرے کیریئر کو شروع کرنے اور آگے بڑھ کر اہداف حاصل کرنے کے لئے بہترین ماحول بھی فراہم کرتا ہے۔


فرینک: آپ نے Ausbildung پروگرام کے لئے بوش کا انتخاب کیوں کیا؟

جبران علی: میں خاص طور پر IT اسپیشلسٹ پروگرام میں دلچسپی رکھتا ہوں اور بوش (Bosch) سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، آئی ٹی انفراسٹرکچر، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس اور نیٹ ورکنگ میں انتہائی معتبر نام اور Ausbildung کی جامع تربیت فراہم کرنے کا مثالی ادارہ ہے جو میرے کورسز، انٹرنشپ اور آئی ٹی کے شعبے میں میرے کیریئر کی خواہشات کے عین مطابق ہے۔ 


فرینک:  آپ نے رسمی تعلیم کامرس میں حاصل کی ہے پھر IT میں Ausbildung کیوں؟

جبران علی: اگرچہ میری رسمی تعلیم کامرس میں ہے، لیکن میں نے جاوا، ایچ ٹی ایم ایل، اور نیٹ ورکنگ کے مختصر کورسز کے ذریعے آئی ٹی کی دنیا میں ایک مضبوط قدم رکھا ہے جو میرے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ جبکہ کراچی میں آکسفورڈ جاوا سروسز میں چھ ماہ کی انٹرنشپ نے بھی میری IT میں دلچسپی کو مزید فروغ دیا اور میں نے خود دیکھا کہ IT ٹیکنالوجی کس طرح زندگی کے ہر شعبے میں بنیادی عنصر بن چکی ہے۔ 


فرینک: ٹھیک ہے، میں نے آپ کے شارٹ کورسز کے سرٹیفکیٹ دیکھے ہیں، کیا آپ جاوا اور ایچ ٹی ایم ایل میں کوئی مماثلت بتاسکتے ہیں؟

جبران علی:جاوا پروگرامنگ اور ایچ ٹی ایم ایل مارک اپ لینگویج ہے جبکہ دونوں ہی ویب ڈویلپمنٹ میں استعمال ہوتی ہیں۔


فرینک: کیا آپ اپنے تعلیمی سرٹیفکیٹ کی کاپیاں مجھے فراہم کر سکتے ہیں؟

جبران علی: جی ہاں، میرے پاس اپنے تمام سرٹیفکیٹس کی کاپیاں موجود ہیں۔ بشمول میرے ہائی اسکول (بارہویں جماعت) کے پاس کرنے کا سرٹیفکیٹ، جاوا، ایچ ٹی ایم ایل، اور نیٹ ورکنگ میں مختصر کورسز کے سرٹیفکیٹس، اور آکسفورڈ سافٹ وئیر ہاؤس سے انٹرن شپ کرنے کا سرٹیفکیٹ بھی، آپ کو کون سے مطلوب ہے مجھے بتادیں۔


فرینک: ٹھیک ہے مجھے ہائی اسکول چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ (TC) دکھادیں؟

جبران علی:جی بلکل۔


فرینک: پڑھائی کے علاوہ آپکی کیا دلچسپیاں ہیں؟

جبران علی: میں میوزک شوق سے سنتا ہوں دوستوں کے محفل بھی مجھے پسند ہے۔ 


فرینک: آپ کو کھیل (Sports) میں کچھ پسند نہیں؟

جبران علی: جی مجھے کرکٹ کھیلنے اور دیکھنے کا بہت جنون ہے۔ 


فرینک: آپ کے کیریئر کے مقاصد کیا ہیں اور یہ Ausbildung کس طرح فٹ بیٹھتے ہیں؟
جبران علی: میرے کیریئر کا مقصد ایک ہنر مند اور باصلاحیت آئی ٹی پروفیشنل بننا ہے۔ میں خاص طور پر سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور سسٹم ایڈمنسٹریشن میں دلچسپی رکھتا ہوں۔ Bosch میں IT Ausbildung کرنا میرے لیے ایک مضبوط بنیاد حاصل کرنے کا مثالی نقطہ آغاز ہوگا۔  مجھے یقین ہے کہ آپکی فراہم کردہ تربیت مجھے اس شعبے میں بہترین ماہرانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے قابل بناسکتی ہے اس لئے میں بوش کے تجربہ کار پیشہ ور افراد سے سیکھنے کے لیے بے چین ہوں۔


فرینک: آپ چیلنجز اور دباؤ کو کیسے ہینڈل کرتے ہیں؟
جبران علی: میں پرسکون اور توجہ مرکوز رکھتے ہوئے منظم رہ کر چیلنجوں اور دباؤ سے نمٹنا جانتا ہوں۔ آکسفورڈ جاوا سروسز میں اپنی انٹرنشپ کے دوران، مجھے اکثر سخت ڈیڈ لائنز اور پیچیدہ مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے حالات میں، میں مکمل توجہ مرکوز رکھتے ہوئے ٹیم ورک کے ساتھ  موثر طریقے سے اپنے کاموں کو وقت پر مکمل کرنے کی صلاحیت برقرار رکھنے کی پوری کوشش کرتا ہوں۔

فرینک: میں دیکھ رہا ہوں، آپ نے اچھا سوٹ پہن رکھا ہے۔؟

جبران علی: آپ کا شکریہ، میں سمجھتا ہوں کہ انٹرویو میں خود کو پیشہ ورانہ طور پر پیش کرنا ضروری ہے۔

 

فرینک: آپ کو کیوں لگتا ہے کہ آپ اس عہدے کے لیے موزوں ہیں؟

جبران علی: میں آئی ٹی کے بارے میں پرجوش ہوں، اور جاوا، ایچ ٹی ایم ایل، اور نیٹ ورکنگ میں میری مہارتیں اس پوزیشن کے تقاضوں کے عین مطابق ہیں۔ آکسفورڈ جاوا سروسز میں میرے انٹرن شپ کے تجربے نے مجھے عملی طور پرمضبوط کام کرنے کی صلاحتیوں سے بھی لیس کیا ہے، میں آپ کی ٹیم کا حصہ بننے کے لیے بے چین ہوں۔


فرینک: کیا آپ جرمنی پہنچنے کے بعد اپنے خاندان کی کمی محسوس کریں گے؟
جبران علی: یقینا، میں اپنے خاندان کو یاد کروں گا. وہ میری زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں۔ تاہم، میں سمجھتا ہوں کہ یہ میری ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی کا ایک اہم موقع ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جدید ٹکنالوجی کے ذریعے جڑے رہنے اور چھٹیوں کے دوران ان سے ملنے سے فاصلے کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

فرینک: کیا آپ کو مجھ سے کچھ پوچھنا ہے؟

جبران علی: جی، میں تربیتی عمل کے بارے میں مزید جاننا چاہوں گا اور بوش میں آئی ٹی اسپیشلسٹ آسبلڈنگ پروگرام میں امتحانات کا کیا طریقہ کار ہوگا؟

فرینک: اگر آپ منتخب کر لئے جاتے ہیں تو آپ کو تفصیل فراہم کردی جائے گی؟

جبران علی: ٹھیک ہے، میں بہت پُرجوش ہوں اور پُرامید بھی۔


فرینک: ٹھیک ہے آپ کو جلد ہی مطلع کردیا جائے گا، گڈ بائے۔

جبران علی: مجھے انتظار رہے گا، گڈ بائے۔


جرمنی میں Ausbildung کے انٹرویو کی تیاری کے لیے مکمل تحقیق، مشق اور پیشہ ورانہ رویہ درکار ہوتا ہے۔ ان اقدامات پر عمل کرکے اور عام انٹرویو کے مکالموں کے لیے تیار رہنے سے، آپ ایک بہترین تاثر بنانے اور پوزیشن حاصل کرنے کے اپنے امکانات کو بڑھا سکتے ہیں۔

Post a Comment

0Comments
Post a Comment (0)
#